skip to Main Content
افتتاح ویب سائیٹ تاریخِ احمدیت بدستِ مبارک حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

(مسجد بیت الفتوح۔ مورڈن، 20؍ ستمبر 2019ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل لندن) سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ جمعہ کے بعد شعبہ تاریخِ احمدیت کی ویب سائیٹ کا افتتاح فرمایا۔

حضورِ انورایّدہ اللہ نمازِ جمعہ اور سنّتوں کی ادائیگی کے بعد دو بج کر 17منٹ پر مسجد کے ہال سے نیچے رونق افروز ہوئے جہاں ویب سائیٹ کے اجرا کے لیے سکرین نصب کی گئی تھی۔ حضورِ انور نے اپنے دستِ مبارک سے سکرین کو مسّ فرماکر ویب سائیٹ کا اجرافرمایا۔

حضورِ انور قریب دو منٹ تک اس ویب سائیٹ کے مختلف صفحات (pages)ملاحظہ فرماتے اور پہلو میں موجود خوش قسمت اسفند یار منیب (انچارج شعبہ تاریخِ احمدیت) سے اس کے بارے میں معلومات لیتے رہے۔ بعد ازاں حضورِ انور نے دو بج کر 19؍ منٹ پر دعا کروائی۔ دعا کے بعد ایک مرتبہ پھر ویب سائیٹ کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ الودود نے انچارج صاحب شعبہ تاریخِ احمدیت کو ویب سائیٹ کے بارے میں کچھ ہدایات سے نوازا۔ اس کے بعد حضورِ انور اپنی سواری میں تشریف فرما ہوئے اورحضورِ انور کا قافلہ اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گیا۔

اس ویب سائیٹ کا تعارف کرواتے ہوئے حضورِ انور نے اپنے آج کے خطبہ جمعہ میں فرمایا کہ

“اس وقت میں ایک اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ شعبہ تاریخ احمدیت نے اپنی ایک ویب سائیٹ شروع کی ہےجو اردو اور انگریزی دونوں زبانوں پر مشتمل ہے جس میں تاریخِ احمدیت اور سیرت و سوانح سے متعلق جماعتی جو طبع شدہ مواد ہےوہ دیا جا رہا ہے۔مثلاً حضرت مسیح موعود علیہ السلام ، خلفائے احمدیت، اصحابِ احمد، شہدائے احمدیت، درویشانِ قادیان، مبلغین سلسلہ اور دیگر بزرگانِ سلسلہ کی سیرت و سوانح سے متعلق کتب ہیں، مقالہ جات ہیں، مضامین ہیں، یادگار تصاویر ہیں۔ تاریخِ احمدیت کی جتنی اب تک جلدیں شائع ہو چکی ہیں وہ تمام جلدیں ہیں۔ذیلی تنظیموں، ممالک اور شہروں کی جماعتی، تاریخیں ہیں۔ بزرگانِ سلسلہ کی قلمی تحریرات ہیں، بعض تبرکات کی تصاویر ہیں، اخبارات اور رسائل کے اہم اور نادر تراشے ہیں۔ تحقیقی اور تاریخی مضامین دیے گئے ہیں۔ اہم جماعتی تقاریب اور جماعتی عمارات مثلاً مساجد اور مشن ہاؤسز ، مرکزی ادارہ جات، تعلیمی ادارہ جات، ہسپتال، ڈسپنسریز، گیسٹ ہاؤسز وغیرہ کی تصاویر ہیں، ان کا حتی الوسع تعارف دیا گیا ہے۔ یوٹیوب کے ایک ویڈیو چینل کے ذریعہ ایم ٹی اے کی بعض نادر ڈاکومنٹریز وغیرہ بھی دی گئی ہیں۔اس ویب سائیٹ میں جماعت احمدیہ کے ابتدا سے اب تک کے اہم تاریخی واقعات پر مشتمل ٹائم لائن بھی دی جا رہی ہے۔”

 

 

انچارج صاحب تاریخِ احمدیت نے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کو بتایا کہ حضورِ انور ایّدہ ا للہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اس ویب سائیٹ کی اصولی منظوری جلسہ سالانہ برطانیہ 2018ء کے ایّام میں حاصل کی گئی۔ اس کے بعد اس کی تفصیلی سکیم بنا کر حضورِ انور کی خدمتِ اقدس میں پیش کی گئی تو حضور پُر نور نے ازراہِ شفقت اس کی منظوری عطا فرماتے ہوئے فرمایا ’’اللہ تعالیٰ بابرکت فرمائے‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ حضورِ انور کے ارشادات کے تابع دسمبر 2018ء سے ویب سائیٹ پر کام کا آغاز کیا گیا۔ دیگر امور کے ساتھ ساتھ قارئین و ناظرین کی سہولت کے لئے ویب سائیٹ کا ایک نقشہ “تعارف” کے عنوان کے تحت دیا گیا ہے، جہاں کسی بھی ہیڈنگ کو کلک کرکے متعلقہ مواد تک رسائی کی جاسکتی ہے اور مذکورہ بالا مواد، تصاویر اور ویڈیوز  حسب ضرورت ڈاؤن لوڈ بھی کی جاسکتی  ہیں۔ اسی طرح مفید مشورہ جات، مواد اور رہنمائی کے لئے شعبہ تاریخ احمدیت سے رابطہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ یہ ویب سائیٹ کمپیوٹر سیکشن صدر انجمن احمدیہ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء

احباب اس ویب سائیٹ سے www.ahmadiyya-history.org پر جا کر استفادہ کر سکتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ اس ویب سائیٹ کے اجرا کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اسے افادۂ عام کا موجب بنائے۔ آمین

( الفضل انٹرنیشنل لندن، 20؍ ستمبر 2019ء)

image_print